وفاقی محتسب کی کوٹلی میں کھلی کچہری، شکایات کے انبار
ایچ ای سی ، پوسٹل لائف انشورنس، بی آئی ایس پی میں بے قاعدگیوں کی نشاندہیزندہ شخص کو مردہ قرار دینے کی بھی شکایت، درخواستوں پر فوری احکامات جاری
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدا یت پر وفاقی محتسب سیکر ٹریٹ کے ڈی جی اشفاق احمد اور کنسلٹنٹ خالد سیال نے کوٹلی میں کھلی کچہری کے دوران وفاقی اداروں کے خلاف شکایات سنیں اور شکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ اداروں کے افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کر کے متعدد شکایات موقع پر ہی نمٹا دیں۔ فوج سے ریٹائرڈ ایک شکایت گزار حوالدار صدیق نے کنٹرولر ملٹری اکاؤنٹ کے خلاف شکایت کی کہ اس کی پنشن اٹھارہ ماہ سے بینک میں منتقل نہیں ہو رہی، اس نے محکمے سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ محکمے کے ریکارڈ کے مطا بق وہ فوت ہو چکا ہے اور اس کی پنشن اس کی بیوہ کو دی جا رہی ہے، ایچ ای سی، پوسٹل لائف انشورنس، کنٹرولر ملٹری اکاؤنٹ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان پوسٹ آفس، زرعی ترقیاتی بینک، قومی بچت اور وفاقی و آزاد کشمیر حکومت کے مختلف محکموں کے خلاف کثیر تعداد میں شکایات پیش کیں۔ وفاقی محتسب کے افسران نے بعض شکایات پر موقع پر ہی ہدایات دیں جبکہ بعض شکایات متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان کے ذریعے حل کروانے کی یقین دہانی کروائی جبکہ آزاد کشمیر حکو مت کے محکموں کے خلاف شکایات کو متعلقہ اداروں کو بھجوا دیں۔ افسران نے بتایا کہ کوئی بھی شہری سادہ کاغذ پر وفاقی محتسب کے نام درخواست دے سکتا ہے۔ وفاقی محتسب کا ادارہ 60دنوں کے اندر ہرشکایت پر فیصلہ کردیتا ہے۔