سندھ ہائیکورٹ : نئی نمبر پلیٹس کی تنصیب کے خلاف درخواست مسترد

 سندھ ہائیکورٹ : نئی نمبر پلیٹس کی تنصیب کے خلاف درخواست مسترد

نئی اجرک ڈیزائن گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تنصیب چیلنج کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں،درخواست خارجگاڑی مالکان نے ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی کے بعد نمبر پلیٹس حاصل کی تھیں، نئی پلیٹس مفت فراہم کی جائیں،درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں نئی اجرک ڈیزائن گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تنصیب کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی، عدالت نے قرار دیا کہ نئی نمبر پلیٹس کی تنصیب کو چیلنج کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔ شہری فیصل حسین نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ حکومت نے پرانی نمبر پلیٹس کے استعمال کو ختم کرکے اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹس لازمی قرار دے دی ہیں، جن کی قیمت 500 سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے ، جو عوام کیلئے غیر ضروری مالی بوجھ ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق حکومت نے جو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نئی اجرک پلیٹس نہ لگانے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گاڑی کو بند بھی کیا جا سکتا ہے حالانکہ شہری پہلے ہی نمبر پلیٹس کی مد میں فیس ادا کر چکے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ گاڑی مالکان نے ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی کے بعد اپنی نمبر پلیٹس حاصل کی تھیں، اس لیے نئی پلیٹس مفت فراہم کی جائیں۔

ان کے مطابق اضافی فیس لینا غیرقانونی ہے اور عدالت کے پاس اختیار ہے کہ وہ ریاستی افسران کے اختیارات کو قانون کے مطابق استعمال کرنے کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شہریوں پر مزید فیس عائد نہ کی جائے اور پرانی نمبر پلیٹس رکھنے والوں کے خلاف کسی قسم کی زبردستی نہ کی جائے ۔عدالت نے تحریری حکم نامے میں قرار دیا کہ درخواست گزار کا اعتراض محض نئی نمبر پلیٹس کی مقررہ فیس تک محدود ہے جو گاڑی کی نوعیت کے مطابق 500 سے 3000 روپے تک ہے ۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ 17 دسمبر 2024 کو جاری عوامی نوٹس میں نئی نمبر پلیٹس کے لئے اضافی سکیورٹی فیچرز واضح طور پر بیان کیے گئے ہیں، عدالت نے وکیل کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات کسی قانونی بنیاد پر پورے نہیں اترتے ، جس کے بعد درخواست خارج کردی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں