میرپور خاص:ای چالان شروع ہوتے ہی ہیلمٹ کی مانگ میں اضافہ

میرپور خاص:ای چالان شروع ہوتے ہی ہیلمٹ کی مانگ میں اضافہ

دکاندار بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے من مانے نرخ پر فروخت کرنے لگےشہری ایکشن فورم، تنظیم تاجران کا اجلاس، ای چالان سے پیدا صورتحال پرگفتگو

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ای چالان شروع ہوتے ہی ہیلمٹ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے من مانے نرخ وصول کرنے شروع کر دیئے ۔ چند روز قبل 2500 میں فروخت ہونے والا عام ہیلمٹ اب 6 ہزار روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے ، مختلف علاقوں میں قیمتیں اس سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ای چالان کے خوف سے ہیلمٹ خریدنا مجبوری بن چکا ہے ، مگر دکانداروں کی جانب سے قیمتوں میں بے جا اضافہ سراسر زیادتی ہے ۔ دوسری جانب مرکزی تنظیم تاجران و شہری ایکشن فورم کا اجلاس ہوا جس میں ای چالان کے حوالے سے پیدا مشکلات کے حوالے سے تاجر، علما، وکلا، سیاسی وسماجی رہنماؤں ودیگر نے شرکت کی، مرکزی تنظیم تاجران صدر کامران میمن، مولانا محمد صادق سعیدی، وکیل عدنان خرم، لالا اظہر پٹھان ودیگر کا کہنا تھا کہ شہر میں پہلے انفرااسٹرکچر بہتر کیا جائے ، فیصل خان زئی، محسود عباس، اظہر عباس ، محمد شہزاد خان، حافظ طارق زاہد قائم خانی و دیگر کا کہنا تھا کہ شہر میں زیادہ تر دیہی علاقوں کے لوگ بازاروں میں آتے ہیں، جن کو پارکنگ سمیت دیگر کوئی بھی ٹریفک کے حوالے سہولت موجود ہی نہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے ضلع کے منتخب نمائندوں ایم این اے ، ایم پی اے سمیت ڈی آئی جی، ایس ایس پی سمیت کمشنر ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے انکو اس تمام سہولیات اور عوامی پریشانی پر تحریری طور درخواست جمع کروائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں