پولیس سے مقابلہ،ملزم زخمی حالت میں گرفتار
ملزم 50سے زائد مقدمات میں ملوث ہے ،اسلحہ اور مسروقہ کار برآمد دلاور گینگ بناکر وارداتیں کرتا تھا،گاڑیاں ڈیرہ اسماعیل خان میں فروخت
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اے وی ایل سی کی پولیس پارٹی نے نارتھ ناظم آباد سے مبینہ مقابلے کے بعد 50 سے زائد مقدمات میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور چوری کی گئی کار برآمد کر لی ۔ ترجمان ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ کورائی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت دلاور ولد عبدالمجید کے نام سے کی گئی ، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور ایک نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے چوری شدہ کار برآمد کی گئی ، گرفتار ملزم 2007 سے 2015 تک گھروں کی چوری اور چھینا جھپٹی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہا ہے ، 2016 سے منشیات کیس میں سزا یافتہ زبیر کے ساتھ لاہور سے گاڑیاں چوری کرنے کا انکشاف ہوا ، سی سی ڈی کے خوف سے ملزم لاہور چھوڑ کر کراچی منتقل ہوا اور پھر کراچی میں خرم باجوہ ، عامر گیلانی اور خالد بھدر کے ساتھ گینگ بنا کر وارداتیں شروع کر دیں ، نارتھ کراچی ، ناظم آباد اور عائشہ منزل میں کار چوری کی متعدد وارداتیں کیں ، چوری شدہ گاڑیاں ڈیرہ اسماعیل خان میں فروخت کی جاتی رہیں ، مقابلے کے دوران ملزم نے پولیس پر فائرنگ کی ، جوابی کارروائی میں زخمی ہوا ، ملزم متعدد مقدمات میں پہلے بھی جیل جا چکا ہے ، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے ۔