کھیلوں کے فروغ کیلئے کے ڈی اے اور باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں اتفاق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی سے پاکستان قائدِاعظم باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں صدر پاکستان قائدِاعظم باڈی بلڈنگ فیڈریشن رمضان خان، جنرل سیکرٹری حسن دادا، جوائنٹ سیکریٹری سلیم خان اور ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے سید جاوید علی شامل تھے ۔ملاقات کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اسپورٹس کے فروغ، صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد اور باڈی بلڈنگ سمیت دیگر کھیلوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل کو منفی اور بری عادات سے دور رکھا جا سکتا ہے جبکہ اسپورٹس ایونٹس نوجوانوں میں نظم و ضبط، صحت مندانہ طرزِ زندگی اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات نہایت اہم ہیں۔