پولیس افسر کے خلاف درخواست پرعبوری حکم برقرار

پولیس افسر کے خلاف درخواست پرعبوری حکم برقرار

ایف آئی اے نے عدالتی احکامات کے برخلاف دوسرا مقدمہ درج کیا،درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پولیس حراست میں نوجوان عرفان کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار پولیس افسر اے ایس آئی عابد شاہ کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے درج نئے مقدمے کے خلاف دائر درخواست پر آئندہ سماعت تک عبوری حکم برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے ۔سندھ ہائی کورٹ میں ملزم پولیس افسر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر مدعی مقدمہ کے وکیل کے معاون عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سینئر وکیل والد کی ناساز طبیعت کے باعث پیش نہیں ہوسکے ۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کررکھا ہے جس کے باعث ایف آئی اے ٹرائل کورٹ میں چالان پیش نہیں کرسکتی۔ اس پر وکیل صفائی عامر منصوب ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ پہلی ایف آئی آر منسوخ کرکے نئے مقدمے میں چالان پیش کیا جاسکتا ہے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آئندہ سماعت تک عبوری حکم برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 14 جنوری 2026 تک ملتوی کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق ایک ہی واقعے پر ایک سے زائد مقدمات درج نہیں کیے جاسکتے جبکہ ایف آئی اے نے عدالتی احکامات کے برخلاف دوسرا مقدمہ درج کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں