نمبر پلیٹ چھپانے پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ضبط کرنے کا فیصلہ
شہریوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے ،کارروائی کرنے کے لیے جمعے سے مہم شروع کی جائے گی،ایڈیشنل آئی جی تقریباً 1لاکھ ای چالان اب تک جاری ہوچکے ہیں، ٹریفک اینڈ روڈ ایکسیڈنٹ کمپلین سسٹم نمبر پلیٹ کے گرد گھومتا ہے ،جاوید اوڈھو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ ای چالان سے بچنے کے لیے بیشتر شہری اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹ کو چھپانے کے لیے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں ایسے شہریوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے جمعے سے مہم شروع کرنے جارہے ہیں۔کراچی پولیس آفس میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب،ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ موٹر رجسٹریشن شبانہ بلوچ اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ،سی پی ایل سی،ڈسٹرکٹ اور ٹریفک پولیس مشترکہ طور پر سڑکوں پر ناکہ لگا کر نمبر پلیٹ چھپانے والے شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے ،ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ ایک چالان کا سسٹم جب سے شروع کیا ہے ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری نظر آئی ٹریفک اینڈ روڈ ایکسیڈنٹ کمپلین سسٹم (ٹریکس)کا سسٹم نمبر پلیٹ کے گرد گھومتا ہے ،
اسے ہم نے برقرار رکھنا ہے قانونی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر گاڑی یا موٹر سائیکل عارضی طور پر ضبط کرلی جائے گی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ ایسی گاڑی یا بائیک جس کی نمبر پلیٹ چھپانے کے لیے کوئی لوگو یا مونو گرام ہوگا اسے بھی ضبط کیا جائے گا،تقریباً 1 لاکھ ای چالان اب تک جاری ہوچکے ہیں۔سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب کا کہنا تھا کہ شہری تعاون کریں یہ تمام اقدامات بہتری کے لئے کیے جارہے ہیں ٹریفک حادثات کی شرح میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے سیٹ بیلٹ کااستعمال بڑھ گیا ہے ،ٹریفک سسٹم میں بہتری نظر آرہی ہے ایکسائز کا بڑا عمل دخل ہے اس منصوبے کو کامیاب کرنے میں شہریوں سے اپیل ہے پولیس کے ساتھ تعاون کریں ٹریفک حادثات میں شرح اموات میں 60 فیصد کمی آگئی ہے ہمیں چاہیے قوانین پر عمل کریں ہوشیاری کی ضرورت نہیں، کوئی چھپ نہیں سکتا شہریوں کا تعاون ضروری ہے ہمارے ڈرائیور بھی سیٹ بیلٹ پہن رہے ہیں سب شہری سیٹ بیلٹ لگا رہے ہیں لوگ ترتیب سے گاڑیاں چلا رہے ہیں یہ بہت بڑا کام ہے ۔جو بھی منصوبہ بنتا ہے اس میں کچھ خامیاں بھی ہوتی ہیں سب جب آن روڈ ہونگے تو معاملات بہتر ہونگے ۔