اورنگی ٹاؤن میںچارروزہ تبلیغی اجتماع شروع، شرکا کی آمد جاری
کراچی (این این آئی)تبلیغی جماعت کے تحت اورنگی ٹاؤن میں4روزہ اجتماع جمعرات کو بعد نماز عصر شروع ہوگیا۔۔۔
،اجتماع میں شرکا کی آمد شروع ہوگئی ،سیکڑوں افراد پہلے روز ہی اجتماع گاہ پہنچ گئے ۔شرکا کی سہولت کے لیے اجتماع گاہ میں بے شمار وضو خانے ،بیت الخلا،کھانے پینے کیلئے کینٹین سمیت دیگر انتظامات کیے گئے ۔علاقائی مساجد کی سطح پر اجتماع گاہ میں رہائش کیلئے انتظامات کیے گئے ۔سردی سے بچاؤ کے لیے وسیع وعریض رقبے پر ٹینٹ لگائے گئے ۔اجتماع کے پہلے روز بعد نماز عصر مولانا حشمت اور بعد نماز مغرب مولانا ضیا الحق کے بیانات ہوئے ۔علمائے کرام نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ دین کے راستے پر چلیں،نمازوں کا اہتمام کریں،صدقہ و خیرات دیں،کامیابی کا راستہ صرف دین اسلام نے دیا ہے ۔بیانات کے بعد تعلیم کاسلسلہ جاری رہا۔شرکا کو نماز اور دیگر تعلیمات سے آگاہ کیا گیا۔اجتماع اتوار کو بعد نماز فجر بیان ودعا کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔