قائد اعظم نے قرآن پاک کو پاکستان کا آئین قرار دیا، تنظیم اسلامی

قائد اعظم نے قرآن پاک کو پاکستان کا آئین قرار دیا، تنظیم اسلامی

ملکی معیشت کو اسلامی تعلیمات کے مطابق استوار کرنے کی ہدایات دی تھیں، بیانانہیں خراجِ تحسین پیش کرنیکا بہترین طریقہ انکے اقوال پرخلوص سے عمل میں مضمر

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)بانی پاکستان نے قرآنِ پاک کو پاکستان کا آئین قرار دیا تھا۔ یہ بات امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے اقوال پر سنجیدگی اور خلوص سے عمل کیا جائے ۔ وہ پاکستان میں اسلام کے نظامِ عدلِ اجتماعی کے قیام کے اتنی شدت سے قائل تھے کہ انھوں نے ان لوگوں کو شرپسند قرار دیا تھا، جو ایسی افواہیں پھیلا رہے تھے کہ پاکستان میں شریعت محمدی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا نفاذ نہیں ہوگا۔ پھر یہ کہ اسٹیٹ بینک کی پشاور برانچ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے سرمایہ دارانہ نظام اور سودی معیشت کو رد کرتے ہوئے پاکستان کی معیشت کو اسلامی تعلیمات کے مطابق استوار کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ صیہونی ریاست اسرائیل کو مغرب کا ناجائز بچہ قرار دے کر اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی ریاستی پالیسی کی بنیاد رکھی تھی ۔ اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں کہ ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل پاکستان کو اپنے گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتی ہے اور ماضی و حال کے اسرائیلی وزرائے اعظم کے بیانات اِس پر شاہد ہیں۔ پہلے اسرائیلی وزیراعظم ڈیوڈ بن گوریان سے لیکر موجودہ وزیراعظم تک صیہونی ریاست کے تمام اعلی عہدیداران کے بیانات ریکارڈ پر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں