میرا برانڈ فیملی ایکسپوکا3جنوری سے آغاز،تیاریاں مکمل
180کمپنیز ، 600 برانڈزکی شرکت متوقع، ہالز میں تمام اسٹالز بک شرکا اپنی مصنوعات کی بھرپور تشہیر کریں،سہیل عزیز ،میاں تنویر احمد
کراچی(بزنس رپورٹر)چوتھی میرا برانڈ پاکستان فیملی ایکسپو 3تا4جنوری 2026 کو ایکسپو سینٹر میں ہورہی ہے جس میں 180 کمپنیز اور 600 برانڈز شرکت کررہے ہیں۔ ایکسپو سینٹر کراچی کے تمام ہالز میں تمام اسٹالز بک ہوچکے ،اس مرتبہ ہر ایک گھنٹے بعد انعامات کی قرعہ اندازی ہوگی جس میں قیمتی انعامات، ای وی اسکوٹی ،موٹر سائیکل ،عمرے ٹکٹ، لیپ ٹاپ موبائل فون ، بچوں کیلئے اسپورٹس کٹس وغیرہ بھی شامل ہونگے ۔اس بات کا اعلان پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کراچی کی جانب سے مقامی ہال میں نمائش سے متعلق تعارفی تقریب میں کیا گیا۔ پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کے بانی میاں تنویر احمد مگوں نے میرا برانڈ پاکستان کے بڑھتے ہوئے قدم پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اسکا آغاز تو غزہ کے لوگوں کی مزاحمت سے ہوا اس پر قومی برانڈز کی اہمیت کا احساس ہوا اور بھرپور توجہ کے نتیجے میں پاکستانی برانڈز پر کام شروع ہوا۔انہوں نے تاجروں کو متوجہ کیا کہ ایک بیماری سے بچیں جو ہم میں بری طرح سرایت کرچکی ہے ، یہ جھوٹ کی بیماری ہے ۔ سہیل عزیز نے اسٹال ہولڈرز کو اپنا سامان لانے اور لے جانے ،کارگو گیٹ کھلنے بند ہونے کے اوقات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے تمام شرکا کو ہدایت کی کہ اپنی مصنوعات کی اچھی تشہیر کریں اور اپنے سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے برانڈ کی تشہیر کریں، جتنے زیادہ لوگ آئیں گے اتنا ہی سب کافائدہ ہوگا، اس کے ساتھ نمائش کے بعد لوگوں سے رابطے کریں۔تقریب کی نظامت جنرل سیکریٹری عامر رفیح نے سرانجام دی۔