قائداعظم کے سنہری اصول فلاحی ریاست کی ضمانت ،شاداب رضا
مغرب کی حمایت یافتہ سیکولر قوتیں پاکستان کی جڑیں کھوکھلا کر رہی ہیںدینِ اسلام پر عمل سے ملک و اسلام دشمن قوتوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیااورفلسطینیوں کے حق کیلئے آواز بلند کی، زندہ قوم کے ہیرو و اکابرین دنیا سے جانے کے بعد بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں ،قائد اعظم محمد علی جناح ہمارے قومی ہیرو ہیں ،ان سے محبت وعقیدت زندہ قوموں کے دلوں میں ہمیشہ رہے گی ، خود مختار اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کیلئے ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کے یوم پیدائش پر مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم ؒپاکستان کو مثالی اسلامی فلاحی مملکت بنانا چاہتے تھے ، حکمران اس تعبیر کو پورا کرنے کیلئے کام کریں ، قائداعظم کے سنہری اُصولوں پر گامزن ہوکر ہی ملک کو فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے ،انتہا پسند اور مغرب کی حمایت یافتہ سیکولر ازم قوتیں پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہیں ،دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے ، اسی پر گامزن رہ کر ملک واسلام دشمن قوتوں کو ناکامی کا مزہ چکھایاجاسکتا ہے ۔ایک موقع پر قائد اعظم نے کہا کہ ہمارا دستور قرآن وسنت ہے ،ہمیں کسی اور دستور کی ضرورت نہیں ہے ، قائد اعظم کی زندگی ایمان اتحاد اور تنظیم کے زریں اُصولوں کا عملی نمونہ ہے ۔شاداب رضا نقشبندی نے مزید کہا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت دو قومی نظریئے کی صداقت کو ثابت کرتی ہے ،قائد اعظم کا یوم ولادت منانے کے ساتھ ان کے وژن پرگامزن ہوکر ہی پاکستان کو امن ،معاشی استحکام اور ترقی کی بلندی پر لی جاسکتے ہیں،پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ،اقلیتوں کو پاکستان میں مکمل تحفظ حاصل ہے ،بھارت سیکولر ملک نہیں مذہبی جنونیت پسند ہے ، اقلیتوں کو تحفظ کی بجائے مظالم ودہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔