تیل چوری کرنے کی سرنگ پکڑی گئی،4گرفتار
مہران ٹاؤن میں ایک گودام سے بڑی مقدار میں مٹی نکال کر ملیر ندی میں پھینکی جا رہی تھی،پولیس کامخبرکی اطلاع پرچھاپہ،16فٹ گہری،140 میٹر طویل سرنگ برآمدنیشنل آئل ریفائنری سے تیل چوری کرنے کیلئے استعمال ہونے والے پائپ، کلپس اوردیگراوزارضبط،کورنگی صنعتی ایریا کو تباہی سے بچا لیا ،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ حکام
کراچی (خبرایجنسیاں)شہر قائد میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے نیشنل آئل ریفائنری کی لائن سے تیل چوری کی منظم کوشش ناکام بنا دی۔واردات میں ملوث 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو پولیس نے کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں چھاپہ مار کارروائی کرکے تیل چوری کیلئے بنائی گئی زیر زمین سرنگ پکڑ لی۔پولیس کے مطابق سرنگ مہران ٹاؤن میں واقع کپڑے کے ایک گودام میں کھودی گئی تھی۔پولیس اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سب انسپکٹر اویس تنولی کے مطابق ملزمان نے تیل چوری کے لیے گودام کے اندر 15 سے 16 فٹ گہرا کنواں کھود رکھا تھا جس کے نچلے حصے سے تقریباً 140 میٹر طویل اور 4 فٹ چوڑی سرنگ بنائی گئی تھی۔یہ سرنگ نیشنل آئل ریفائنری کی جانب جانے والی آئل لائن تک پہنچنے کے لیے بنائی گئی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس آئی یو کو مخبرِ خاص سے اطلاع ملی تھی کہ ایک گودام سے بڑی مقدار میں مٹی نکال کر ملیر ندی میں پھینکی جا رہی ہے ۔
اطلاع پر سب انسپکٹر اویس کی سربراہی میں ایس آئی یو ٹیم نے گودام پر چھاپہ ماراجس میں تیل کی چوری کیلئے بنائی گئی سرنگ سامنے آئی۔ایس آئی یو پولیس نے مزید قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے سے رابط کیا۔ جس کے بعد ایس ایچ او تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا ناصر محمود بھی جائے وقوع پرپہنچ گئے ۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گودام کے ایک کمرے میں موجود کنویں کا انکشاف ہوا، جسے لکڑی کے تختوں سے ڈھانپ کر اس پر کپڑے کے بورے رکھے گئے تھے تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ملزمان کی نشاندہی پر کنویں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تو زیر زمین سرنگ سامنے آگئی۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے تیل چوری کے لیے استعمال ہونے والے پائپ، کلپس اور سرنگ کھودنے کے اوزار بھی برآمد کر لیے گئے ۔ پولیس حکام کے مطابق بروقت کارروائی سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کو بڑی ممکنہ تباہی سے بچا لیا گیا۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جاری ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں پورٹ قاسم سے ملتان جانے والی پارکو لائن سے تیل چوری کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔