سجاول:مشیر صوبائی محتسب کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے

سجاول:مشیر صوبائی محتسب کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے

سڑکوں کی تباہی، ناقص نکاسی نظام، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے متعلق شکایاتعلی ممتاز نے متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق مسائل حل کرنے کی ہدایات دیں

سجاول (نامہ نگار)صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کے مشیر سید علی ممتاز زیدی نے اسسٹنٹ کمشنر آفس جاتی میں کھلی کچہری لگائی، جہاں مختلف محکموں سے متعلق عوامی شکایات توجہ سے سنیں اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر سجاول زاہد حسین رند، ریجنل ڈائریکٹر محتسب ٹھٹھہ و سجاول ہارون احمد خان کے علاوہ پولیس، ریونیو، تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے تعلیم، صحت، پانی کی تقسیم، سڑکوں اور راستوں کی خراب حالت، نکاسیٔ آب، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اپنی شکایات، مسائل اور تجاویز پیش کیں، جن پر صوبائی محتسب کے مشیر نے متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق فوری کارروائی اور مسائل کے حل کی ہدایات دیں۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے سید علی ممتاز زیدی نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے براہِ راست فورم فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیں اور انہیں شفاف، تیز اور بروقت حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محتسب کا ادارہ عوام کی سہولت کے لیے کام کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں