حکومت ٹاؤن چیئرمینز کو اختیارات دینے سے گریزاں، منعم ظفر
واٹر کارپوریشن نااہل ادارہ،بچے گٹر میں گر کرجاں بحق ہورہے ،تعداد27ہوگئی ای چالان کے نظام کو بدلنا ہوگا،پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع وسطی کامران سراج اور ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن کے تحت مرکز کھیل و ثقافت میں 5 روزہ گل ِ داؤدی پھولوں کی نمائش کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر منعم ظفر نے کہا کہ کراچی پاکستان کی لائف لائن ہے لیکن اس شہر کو کوئی حکومت اُون نہیں کرتی، سندھ حکومت ٹاؤن چیئرمینوں کو اختیارات و وسائل دینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ایک نااہل ادارہ ہے جس کی وجہ سے بچے گٹر میں گر کرجاں بحق ہورہے ہیں۔ گٹروں میں گر کر جاں بحق ہونے کے 27 واقعات ہوچکے ہیں،کراچی کے لوگوں کو ای چالان کی صورت میں بھاری جرمانہ بھیج دیا جاتا ہے ۔ڈھائی سال قبل چوری ہونے والی بائیک کا چالان تو گھر آگیا لیکن پولیس نے چوری کی بائیک بازیاب نہیں کروائی۔ ای چالان کے پورے نظام کو بدلنا ہوگا، شہر میں 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن سندھ حکومت کراچی کو باعزت ٹرانسپورٹ دینے کیلئے تیار نہیں۔پرائمری ہیلتھ کئیر تباہی کا شکار ہے اور بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ ہیلتھ کے حوالے سے ہمارا مقابلہ کسی صوبے سے نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک سے ہے ، صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اختیارات ٹاؤن کی سطح پر منتقل کرے ۔