ہمدرد فاؤنڈیشن کا اسکالرشپ پروگرام،125طلبہ منتخب
میٹرک اور انٹر کے ہونہار طلبہ میں چیک اور اسناد تقسیم، تعلیم اور محنت کی اہمیت پر زورطلباموبائل فون کا استعمال معلومات میں اضافے کیلئے کریں، سعدیہ راشد
کراچی (سٹی ڈیسک)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر ِ اہتمام شہید حکیم محمد سعید میموریل اسکالرشپ کی تقریب گزشتہ روز ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں ہونہار طلبہ میں چیک اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اسکالرشپ پروگرام کا مقصد میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں امتیازی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معاونت ہے ۔سال 2025-26 کیلئے 125 ملک بھر سے میٹرک اور 65 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسکالرشپ کیلئے منتخب کیا گیا۔ ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین مہمانِ خصوصی تھے ۔ نظامت کے فرائض ایڈوائزر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سمیرا جاوید صاحبہ نے انجام دیے ۔صدارتی خطاب میں سعدیہ راشد نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کی زندگی پاکستان کی خدمت کے لیے وقف تھی۔ہمدرد پاکستان کا قیام اسی مشن کی عملی صورت ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مطالعے کی عادت اپنانے ، کتب سے رشتہ مضبوط کرنے اور موبائل فون کا استعمال صرف معلومات میں اضافے کیلئے کرنے کی تلقین کی۔تقریب کے اختتام پر سعدیہ راشد نے پروفیسر ڈاکٹر عمران امین صاحب اور ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان صاحب کے ہمراہ کراچی میٹرک بورڈ کے 91 اور انٹر بورڈ کراچی کے 46 طلبہ میں بالترتیب 50 ہزار اور 75 ہزار روپے کے چیک اور اسناد تقسیم کیں۔