دڑو:جعلی ٹک ٹاک اکاؤنٹس سے غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے کا انکشاف
معزز گھرانوں کے طلبا، بچے نشانے پر،ویب سائٹس پرچلاکر بلیک میل کیا جانے لگاسیاسی وسماجی تنظیموں، شہریوں، والدین کا اجلاس،ملزمان کے خلاف رپورٹ داخل
دڑو (نامہ نگار)دڑو میں سوشل میڈیا ویب سائٹس پر فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر معزز گھرانوں کے بچوں اور اسکول کے طلبا کو بلیک میل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، دڑو میں تاجر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام متاثرہ بچوں اور طلبا کے ورثاء اور سیاسی، سماجی اور تجارتی تنظیموں کے رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس کے بعد تمام فریقین کی جانب سے ٹک ٹاک پر طلبہ، بچوں کی فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والے میرپور بٹھورو کے رہائشی کے خلاف دڑو تھانے میں شکایت درج کرائی گئی، اس حوالے سے دڑو کے شہریوں، تاجروں اور متاثرہ بچوں کے والدین نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے ٹک ٹاک پر شہر کے مختلف معصوم بچوں اور اسکول کے طلبا کی فحش ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کیا جا رہا ہے۔
جس سے متاثرہ بچے اور طلبا شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، انہوں نے الزام لگایا کہ میرپور بٹھورو کا رہائشی وقار چانڈیو نامی شخص جعلی آئی ڈی کے ذریعے بچوں کو بلیک میل کر رہا ہے ، اس کے خلاف شواہد بھی موجود ہیں، جن پر تھانہ دڑو میں رپورٹ درج کر لی گئی ہے ، انہوں نے حکومت سندھ، آئی جی، ایف آئی اے ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی سجاول اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی آئی ڈیز کے ذریعے بچوں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔