کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آپریشنز کا جائزہ لیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (SWMC) کے افسران کو دفتر طلب کر کے کمپنی کے مجموعی آپریشنز پر بریفنگ لی۔۔۔
سی ای او SWMC رانا شاہد عمران نے کمشنر کو انسانی وسائل، فیلڈ ا سٹاف، فلیٹ، ویسٹ کنٹینرز، مشینری، لینڈ فل سائٹس، ویسٹ کلیکشن اور شکایات کے نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔بریفنگ میں پرائمری کلیکشن، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن، عوامی آگاہی مہم، جرمانہ نظام اور گاڑیوں کے آن لائن ٹریکنگ سسٹم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے ۔ انہوں نے فیلڈ آپریشنز کی مؤثر مانیٹرنگ، صفائی کے معیار میں بہتری اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے عوامی شکایات کے فوری ازالے ، آن لائن ٹریکنگ سسٹم کو مکمل فعال رکھنے ، آگاہی مہم کو مؤثر بنانے اور جرمانہ نظام کو شفاف طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایات بھی دیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک سمیت SWMC کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔