جھڈو میں پران ندی پرپل کی تعمیر دوبارہ تعطل کا شکار
گزشتہ سال جولائی میں پرانے پل کوتوڑ کرنئے کی تعمیر کاکام شروع کیا گیا تھاپل بدین میرپور خاص کوملانے کا ذریعہ، دو اضلاع کے عوام کو شدید دشواری
جھڈو (نمائندہ دنیا)جھڈو میں گوٹھ حیات خاصخیلی کے مقام پر دو اضلاع کو ملانے والے پران ندی کے خستہ پل کو مسمار کرکے نئے پل کی تعمیر کا کام ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگیا، یہ پل 2024 میں تعمیر ہونا تھا اور گزشتہ سال جولائی میں دوبارہ پرانے پل کوتوڑ کر نئے کی تعمیر کا کام شروع کیاگیا، صرف پلرز بنائے گئے جس کے بعد اس کا کام روک دیا گیا اور پھر شدید عوامی احتجاج کے بعد تعمیر دوبارہ شروع کی گئی، لیکن اب کچھ وقت سے پل کی تعمیر کا کام مکمل کئے بغیر ادھورا چھوڑ دیاگیا جو تاحال شروع نہ کیا جاسکا، اس پل کی تعمیر شروع ہونے کے وقت اسسٹنٹ کمشنر جھڈو غضنفر پرداخ نے کہا تھا کہ یہ پل 2025 کے بارشوں کے موسم سے پہلے تعمیر کر لیا جائے گا، لیکن چار ماہ سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود تعمیر نہیں ہو سکی، یہ پل بدین اور میرپورخاص اضلاع کے مابین أٓمدورفت کا ذریعہ ہے اور اس کی تعمیر نہ ہونے سے دو اضلاع کے عوام کو شدید دشواری اٹھانی پڑ رہی ہے ، چھوٹی بڑی گاڑیوں اور عوام کو آمدورفت کے لیے بائی پاس کا طویل راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے ، متعلقہ حکام غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس پل کی تعمیر جلد مکمل کی جائے تاکہ دونوں اضلاع کے عوام کی پریشانیاں اور مسائل ختم ہوں۔