بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین 26 جنوری ہڑتال کرینگے
دفاتر کی تالہ بندی، یونین کے مرکزی دفتر میں مشاورت کے بعد اعلان کیا گیا
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) 26جنوری سے واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین ملک گیر ہڑتال اور دفاتر کی تالا بندی کردینگے اس بات کا فیصلہ لاہور میں یونین کے مرکزی دفتر میں مشاورت کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ 16 جنوری کے کمپیوٹر اور بلنگ بند کرنے کی روشنی میں کیا گیا ہے کیونکہ مذکورہ فیصلے کی روشنی میں کام بند نہیں کیا جارہا تھا لیکن اب نئے اور سخت فیصلے میں کام کی بندش کے باعث بلنگ اور کمپیوٹر کا نظام از خود بند ہوجائیگا کیونکہ ہمارے مصالحتی عمل اور ملک گیر کئے 6 جنوری کے احتجاج کے باوجود حکومت نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کا رویہ ہمارے ساتھ سنجیدہ نہیں ہے مجبوراً ہمیں اس سخت قدم کی جانب دھکیلا جارہا ہے جسکی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے تقریب سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اور مفادعامہ کے اداروں کی نجکاری مسائل کا حل نہیں، حکومت کہتی ہے کہ ہم قومی ادارے نہیں چلاسکتے تو دوسرے لفظوں میں وہ مان رہی ہے کہ حکومت نااہل لوگوں کے پاس ہے جو حکومتی ادارے نہیں چلا سکتے ، انکو ملک چلانے کا بھی کوئی اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکومت نقصان میں چلنے والے اداروں میں دور جدید کے مطابق اصلاحاتی عمل کے ذریعے اداروں کی بہتری کی طرف توجہ مرکوز رکھتے ہوئے انکی ترقی کیلئے کام کرتی مگر حکومت تو ان اداروں کی بھی نجکاری کررہی ہے جو منافع بخش ہیں۔