ایران کیخلاف امریکی اقدامات، مسلم امہ کیلئے اتحاد کا سنہری موقع

ایران کیخلاف امریکی اقدامات، مسلم امہ کیلئے اتحاد کا سنہری موقع

باطل قوتوں کے خاتمے ، اسلام کے غلبے کیلئے عسکری اتحاد قائم کیا جائے ، تنظیم اسلامی

حیدر آباد(بیورو رپورٹ)ایران کے خلاف امریکی اقدامات سے مسلم امہ کو اتحاد کا سنہری موقع مل گیا، مسلم ممالک عسکری اتحاد قائم کریں جس کا مقصد باطل قوتوں کا خاتمہ اور اسلام کا غلبہ ہو۔ اس سلسلے میں تنظیم اسلامی کے امیرشجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ ابلیسی اتحادِ ثلاثہ یعنی اسرائیل، امریکہ اور بھارت فلسطین اور عالمِ عرب سے آگے بڑھ کر اب عالمِ عجم پر مختلف طریقوں سے حملہ آور ہے ۔ حال ہی میں ایران کو خانہ جنگی میں ملوث کرنے اور ایرانی کرنسی کو بے وقعت کرنے کی سازش کی گئی، جس کا نہ صرف ایرانی قوم مل کر مقابلہ کر رہی ہے بلکہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے بھی ایران کی بھرپور مدد کی۔ مغربی میڈیا کی دوغلی پالیسی کا یہ حال ہے کہ ایرانی حکومت کے خلاف مظاہرین کی تو بڑے پیمانے پر رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔

جبکہ ایرانی حکومت کے حق میں لاکھوں افراد کے مظاہروں کا مکمل بائیکاٹ ہے ۔ اُنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اِس بیان کی شدید مذمت کی کہ ایرانی حکومت کے خلاف مظاہرین جمے رہیں، امریکہ اُن کی بھرپور مدد کرے گا۔ حقیقت یہ ہے کہ مختلف ممالک میں رجیم چینج کرنا امریکہ کی پالیسی کا اہم ستون ہے ۔ امیر تنظیم نے ترکیہ کے اِس اعلان کو انتہائی خوش آئند قرار دیا کہ وہ پاک سعودی دفاعی معاہدے کا حصّہ بننا چاہتا ہے ۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ معاہدے کا دائرہ بڑھا کر مظلوم مسلمانوں کے دفاع اور اسلام کے تمام مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی اور اسلام کا نظامِ عدلِ اجتماعی کو دنیا بھر میں نافذ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں