شہری کی بازیابی،ایس ایچ او اوردیگر کو شوکاز نوٹس
شہری کو مقدمے کے اندراج کے بغیر حوالات میں بند کر رکھا تھا، وکیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں تھانہ شارع فیصل سے ایک شہری کی بازیابی کے معاملے پر سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے ایس ایچ او شارع فیصل امین کھوسو اور دیگر کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے تھانہ شارع فیصل پر چھاپا مار کر شہری خادم حسین کو بازیاب کرایا تھا۔ وکیل کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے بازیاب شہری کو فوری طور پر رہا بھی کردیا تھا۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایس ایچ او شارع فیصل کو ریکارڈ سمیت سیشن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
وکیل لیاقت گبول نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے شہری خادم حسین کو بغیر کسی مقدمے کے اندراج کے حوالات میں بند کر رکھا تھا، جو صریحاً غیر قانونی عمل ہے ۔ وکیل کے مطابق شہری کی رہائی کے لیے پولیس کی جانب سے چھ لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ بھی کیا جارہا تھا۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ایس ایچ او شارع فیصل امین کھوسو اور دیگر متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ مقررہ تاریخ تک اپنا جواب جمع کرائیں۔ عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔