گھروں سے چوری میں ملوث ماسیوں کا عدالتی ریمانڈ
عدالت کا جیل بھیجنے کا حکم،کیس کے تفتیشی افسر سے چالان بھی طلبمجموعی طور پر 30لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چوری کی ،تفتیشی افسر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں گھروں سے چوری کرنے والی مبینہ ماسی گینگ کی پانچ گرفتار خواتین کو پیش کردیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار خواتین ماسیوں نے مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چوری کی ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ تفتیشی افسر کے مطابق گرفتار ملزمان منظم طریقے سے گھریلو ملازماؤں کے طور پر گھروں میں داخل ہو کر وارداتیں کرتی تھیں۔ملزمان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ تاحال کسی بھی متاثرہ شہری نے گرفتار خواتین کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج نہیں کرایا ہے ، پولیس نے مقدمہ گھریلو ملازم کی مدعیت میں درج کیا ہے جو کہ متاثرہ فریق نہیں ہے ۔
وکیل نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے الزامات ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پانچوں گرفتار خواتین کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور کیس کے تفتیشی افسر سے چالان بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کرکے مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کی جائے ۔علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ نتاشہ کے خلاف امتناعِ منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے پیش نا ہونے والے استغاثہ کے گواہان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ۔عدالت نے استغاثہ کے دو گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے ۔