روہڑی:ملکیت کے تنازع پر بڑے نے چھوٹا بھائی قتل کردیا
ایس ایس پی کے حکم پر پولیس نے ملزم نیک محمد کو گرفتار، آلہ قتل برآمد کرلیامحراب پور کے قریب شوہر نے بیوی کو گولیاں مار کر زخمی کردیا، ملزم فرار
روہڑی، محراب پور(نمائندگان دنیا) روہڑی کے نواحی علاقے سنگرار تھانے کی حدود غلام گوٹھ میں ملکیت کی تنازع پر نیک محمد جکھرانی نامی شخص نے فائرنگ کرکے اپنے چھوٹے بھائی محمد یونس ولد طوطل جکھرانی کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگیا۔ زخمی علاج کے لئے سول اسپتال سکھر منتقل کرتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ لاش تعلقہ اسپتال روہڑی سے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ متوفی کے ماموں کے مطابق نیک محمد نشے کا عادی ہے جو اپنے حصے کی ملکیت فروخت کرنا چاہتا تھا، منع کرنے پر دونوں بھائیوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا ۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قاتل کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ، جس کے بعد سنگرار پولیس نے ملزم نیک محمد کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق درس تھانے کی حدود گاؤں ماکو ڈپیر میں بڈھل ڈیپر نامی شخص نے اپنی بیوی خیر النسا کو بندوق سے گولی مار دی اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے خاتون کو اسپتال منتقل کیا جہاں سے اسے نازک حالت کے باعث نواب شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔