پیپلز لائرز فورم کاگورنر کو عہدے سے ہٹانے کامطالبہ
صوبے کو کوئی مائی کا لال تقسیم نہیں کرسکتا،ایم کیو ایم خود دھڑے بندی کا شکار گورنر ہاؤس میں موجود نیٹ ورک ملک کیلئے نقصان دہ ہوسکتا،قاضی بشیر ایڈووکیٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز لائرز فورم سندھ کے صدر قاضی بشیر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ گورنر سندھ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے ،ہم رمضان میں سڑکوں پر نہیں آنا چاہتے ۔ کراچی پریس کلب میں صدر کراچی ڈویژن ارشد نقوی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قاضی بشیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ دنوں گورنر ہاؤس میں ایک سازش کے تحت میٹنگ رکھی گئی جس میں دو وفاقی وزرا بھی موجود تھے ۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس میٹنگ میں سندھ کے خلاف سازش کی گئی جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں،ایم کیو ایم ماضی میں کئی مرتبہ شہر کی میئر شپ پر فائز رہی جبکہ پیپلز پارٹی کا میئر صرف تین سال سے ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے ،وفاق سے ایک اردو یونیورسٹی نہیں سنبھالی جارہی مگر صوبے کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبات کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم خود دھڑے بندی کا شکار ہے اور خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال کے علاوہ لندن گروپ بھی موجود ہے ۔ قاضی بشیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ سندھ کو کوئی مائی کا لال تقسیم نہیں کرسکتا،اگر ہمت ہے تو صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سے کہنا چاہتے ہیں کہ گورنر ہاؤس کے فرسٹ فلور پر ایک نیٹ ورک قائم ہے جو ایم کیو ایم کا ہے اور ملک کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے ۔