سازشی عناصر کی باتوں سے گھبرانا نہیں، کامران ٹیسوری

سازشی عناصر کی باتوں سے گھبرانا نہیں، کامران ٹیسوری

خدمت جاری رہیگی،آئی ٹی سینٹر بند نہیں ہوگا،شہریوں کو پلاٹ دینے کا اعلان کویت کے قومی دن پر امیرِ کویت کو مبارکباد، تعلقات مزید مستحکم ہونگے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 6 شہریوں کو پلاٹ دینے کا اعلان کردیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ہمیں اللہ نے اس منصب پر بٹھایا ہے ، جب تک اس منصب پر ہوں خدمت کا سفر جاری رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قومیت کا شخص ہو ،ان کا مقدمہ ہمیشہ لڑتا ہوں، سازشی عناصر بڑی باتیں کررہے ہیں لیکن گھبرانا نہیں ہے ۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈروں گا نہیں جب تک ہوں آئی ٹی سینٹر بند نہیں ہوگا، سازشیں ہوتی رہتی ہیں لیکن سازشیں کامیاب نہیں ہوتی۔گورنر سندھ نے کہا کہ سازشیں اس لیے ہورہی ہیں کہ یہاں سے ہونے والے کام بند ہوسکیں۔

دوسری جانب گورنر نے کویت کے قومی دن کے موقع پر کویت کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔اپنے تہنیتی پیغام میں گورنر سندھ نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الصباح کو خصوصی طور پر قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی، مذہبی اور معاشی روابط انتہائی مضبوط اور دیرینہ ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے اور باہمی تعاون کے نئے در وا ہوں گے ،دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور تعاون کا رشتہ خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں