شہریوں کا فرار ہونے والے ڈمپر کا پیچھا،ڈرائیور اور ہیلپر زیر حراست
کراچی (اسٹاف رپورٹر )نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی پر موٹر سائیکل سوار افراد کو ڈمپر کی مبینہ ٹکر کی اطلاع کے بعد شہریوں نے فرار ہونے والے ڈمپر کا پیچھا کیا پولیس کو مبینہ حادثے کے بعد ڈمپر کے فرار ہونے کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق ڈمپر ناگن چورنگی کے قریب پہنچا تو پولیس نے اسے روک لیا۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار ڈمپر میں ڈرائیور کے ساتھ سوار ہوگیا اور ڈمپر کو تحویل میں لے کر نیو کراچی تھانے منتقل کیا گیا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو ٹکر ماری تھی اور اس کے بعد فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جس پر عوام نے اس کا پیچھا کیا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ نیو کراچی کے مطابق تاحال حادثے کا کوئی زخمی سرکاری اسپتال نہیں پہنچا ۔ تاہم واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ڈمپر کے ڈرائیور اور ہیلپر کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔