کروڑوں کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
بین الصوبائی منشیات فروش اصغر بلوچ کے دو اہم کارندے گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کروڑوں روپے کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس ایس یو) نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق گلبہار کے علاقے میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے بھتہ خوروں کی موجودگی کی اطلاع پر ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کی۔کارروائی کے دوران بین الصوبائی منشیات فروش اصغر بلوچ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت بہادر علی اور عمران حیدر کے نام سے ہوئی۔ملزمان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی 8 کلو 570 گرام ویڈ (Weed) برآمد ہوئی ہے جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 11 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزمان لیاری گینگ وار کے بھتہ خور گروہ سے تعلق رکھنے والے بین الصوبائی منشیات ڈیلر اصغر بلوچ کے قریبی ساتھی ہیں اور مختلف شہروں میں منشیات کی ترسیل میں ملوث رہے ہیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے ۔