کنڈیارو:تاجر اتحاد کی ضلع کونسل انتظامیہ کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال
پرانی دکانیں مسماری فیصلے کیخلاف کاروباری مراکز بند کرکے احتجاجی کیمپ لگا لیاایک دکاندار کی خود سوزی کوشش، جے یوآئی رہنماؤں کی بھی احتجاج میں شرکت
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)پرانی دکانوں کی مسماری کیخلاف کنڈیارو میں تاجر اتحاد کے اعلان پر ضلع کونسل انتظامیہ کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس کے باعث شہر بھر میں دکانیں اور دیگر کاروباری مراکز بند رہے ۔ اس موقع پر تاجر برادری نے فیاض کلیری اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی کیمپ قائم کرکے ضلع کونسل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔اس دوران اس وقت صورتحال تشویشناک ہوگئی جب ایک دکاندار نے مبینہ طور پر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود دیگر دکانداروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے اسے بچا لیا اور خودسوزی کی کوشش ناکام بنا دی۔ جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالعلیم گھانگھرو، مفتی ولی اللہ اور مولانامحمد رمضان خاصخیلی و دیگربھی کارکنوں کے ہمراہ احتجاجی کیمپ پہنچے جنہوں نے تاجر برادری کے احتجاج کی حمایت کی۔
احتجاج کرنیوالے تاجروں کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ میں ضلع کونسل انتظامیہ نے غلط بیانی کی ہے ، جبکہ متاثرہ دکانداروں کو متبادل دکانیں بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ تاجر رہنماؤں کے مطابق ضلع کونسل کی غلط پلاننگ اور جھوٹی رپورٹ کی بنیاد پر درجنوں دکانیں گراکر ہمارا روزگار چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔تاجر برادری نے مطالبہ کیا کہ ضلع کونسل انتظامیہ پرانی دکانیں مسمار کرنے کا فیصلہ واپس لے ،تاجر اتحاد نے اعلان کیا کہ ضلع کونسل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ضلع کونسل انتظامیہ نے کنڈیارو میں پچاس سال سے قائم درجنوں دکانوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرکے نئی مارکیٹ تعمیر کی ہے اور پرانی دکانیں مسمار کرنے کے لیے ہائی کورٹ سکھر سے حق میں فیصلہ لے رکھا ہے۔