لاڑکانہ:عید کے دن ڈاکوؤں کا دھاوا، 2جنرل اسٹور لوٹ لئے
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)لاڑکانہ میں عیدالفطر کے دن بھی 2 جنرل اسٹورز لوٹ لیے گئے ، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر تفصیلات معلوم کرکے اور تحقیقات شروع کردی۔
واقعے کے خلاف متاثرہ دکانداروں نے رائل چوک بند کرکے ٹائروں کو آگ لگا کر شدید احتجاج کیا، اس موقع پر ہندو تاجر ساگر کمار نے بتایا کہ میری رائل چوک پر سورج جنرل اسٹور کے نام سے دکان ہے ، جہاں 4 موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے ہمیں یرغمال بنا کر 12 لاکھ روپے نقدی اور لوڈ کارڈ کے 6 لاکھ روپے لوٹ لیے ، ڈاکو دوسرے جئے سنگھانی جنرل اسٹور کے مالک پردیپ کمار سے 4 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے ، متاثرہ تاجر دکانداروں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی احمد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر لوٹی گئی رقم واپس کروائی جائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔