روہڑی:وین الٹنے سے 2خواتین جاں بحق، 9افراد زخمی
تیزرفتار وین کندھکوٹ سے پنو عاقل جارہی تھی، ٹائر پھٹنے سے حادثہ پیش آیامحراب پور، موبائل چارج کرتے اسپارکنگ سے ٹریکٹر اسٹارٹ، ڈرائیور کچلا گیا
روہڑی، محراب پور (نمائندگان) روہڑی کے قریب قومی شاہراہ پر وین الٹنے سے 2 خواتین جاں بحق اور خواتین وبچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ، ریسکیو ٹیموں نے پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کیا۔ دبر تھانے کی حدود کلر گوٹھ کے مقام پر پیر اور منگل کی درمیانی شب کندھکوٹ سے پنو عاقل جانیوالی تیز رفتار وین ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر الٹنے کے نتیجے میں دو خواتین مائی ملُوکن نندوانی اور مائی فریدہ نندوانی موقع پر جاں بحق جبکہ بادل، ظہیران، نصرت، صدام، حمیدہ، صائمہ، نور، رانجھن، نصر اللہ اور ارشاد زخمی ہو گئے ۔ لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال پہنچا گیا، حالت نازک ہونے پر زخمیوں کو سول اسپتال سکھر ریفر کیا۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرین کندھکوٹ، تنگوانی کے رہائشی ہیں جو پنوعاقل رشتہ دار کی فوتگی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوئے ، حادثے میں جاں بحق خواتین کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ ادھر محراب پور سگیوں کے نواحی گاؤں کوٹ بہادر کلہوڑو میں گیراج میں کھڑے ٹریکٹر کے پاس ڈرائیور موبائل چارج کر رہا تھاکہ اسپارکنگ سے ٹریکٹراسٹارٹ ہوگیا اور گیر میں ہونے سے چل پڑا جس کی زد میں آکرڈرائیور ایاز علی ولد محمد علی کلہوڑو جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء حوالے کردی گئی۔ کندھکوٹ انڈس ہائی وے کشتی چوک پر ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کے تصادم میں ٹریکٹر ڈرائیور دوست محمد بھیو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔