لاڑکانہ:ایل پی جی ڈیلرز کارکشہ ڈرائیور یونین پربھتہ طلبی کاالزام
گیس فراہمی کیلئے بلیک میلنگ کابھی الزام، کارروائی کی جائے ، شاہد حسین ودیگرگیس کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا، پریس کانفرنس
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ میں ایل پی جی فروخت کرنے والے ڈیلرز نے رکشہ ڈرائیور لیبر یونین لاڑکانہ کے صدر پر بھتہ طلب کرنے اور من پسند قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے بلیک میل کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، اس سلسلے میں ایل پی جی گیس ڈیلرز شاہد حسین جاگیرانی، راشد علی میرانی، ارشاد انڑ اور دیگر نے لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایل پی جی پلانٹس سے فی کلو 460 روپے میں گیس ملتی ہے ، مگر بڑھتی مہنگائی کے باعث وہ شہریوں کو اسی قیمت پر فروخت کر رہے ہیں، اوگرا کی جانب سے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں، مگر عملدرآمد صرف پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ہوتا ہے ، ایل پی جی پر کوئی کنٹرول نہیں، جس سے انہیں مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ، اس لیے چند دنوں میں گیس کی فی کلو قیمت میں 20 سے 30 روپے اضافہ کیا جائے گا، انہوں نے الزام لگایا کہ حکومتی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل کرنے کے باوجود رکشہ ڈرائیور لیبر یونین کے صدر گلزار گوپانگ اور ان کے ساتھی عبدالقادر سومرو کافی عرصے سے ان سے بھتہ طلب کر رہے ہیں اور من پسند قیمت پر گیس فراہم کرنے کے لیے بلیک میل کر رہے ہیں، انکار پر وہ کچھ افراد کے ساتھ ان کیخلاف احتجاج کرتے ہیں، من گھڑت الزامات عائد کرتے ہیں اور گالم گلوچ کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔