ٹوٹی سڑکیں ، ٹریفک حادثات وبالِ جان بن گئے ،ایم کیو ایم
ہیوی ٹریفک کی بے ہنگم آمدورفت اورپولیس کی عدم توجہی مستقل خطرہ فوری مطالبات پورے نہ ہوئے تو بھرپور احتجاج کریں گے ،اراکین اسمبلی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین اسمبلی نے سندھ کی کرپٹ ترین حکومت کی نااہلی کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کراچی شہر میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل اور حادثات میں خطرناک اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ، یومیہ پیش آنے والے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ اراکین نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی بچی کچی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکیں، جگہ جگہ گڑھے بن گئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور حادثات میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اراکین نے اس صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے حکومت کی ناقص پالیسیوں اور متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تاریخ کی بدترین اور کرپٹ حکومت کی جانب سے نہ سڑکوں کی بروقت مرمت کی جا رہی ہے اور نہ ہی ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے کوئی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ہیوی ٹریفک کی بے ہنگم آمدورفت، ٹریفک پولیس کی عدم توجہی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں شہریوں کیلئے مستقل خطرہ بن چکی ہیں۔اراکینِ اسمبلی نے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ فوری ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں کی مرمت، ٹریفک نظام کی بہتری اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، بصورت دیگر حق پرست قیادت عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔