ایڈمٹ کارڈز میں تاخیر پر چیئرمین میٹرک بورڈ سے وضاحت طلب
طلبہ ووالدین ذہنی کوفت کا شکار،ذمہ داران کیخلاف3دن میں کارروائی کا عندیہتعلیمی نظام میں کسی قسم کی بدعنوانی یا سستی برداشت نہیں کی جائیگی،اسماعیل راہو
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز کے اجراء اور آن لائن رسائی میں ناکامی پر وزیر تعلیمی بورڈ سندھ محمد اسماعیل راہو نے چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میٹرک بورڈ کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث طلبہ اور والدین میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور اس صورتحال پر تین روز میں وضاحت پیش کی جائے ۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ ایڈمٹ کارڈز کی فراہمی میں تاخیر کے باعث ہزاروں طلبہ اور والدین شدید ذہنی کوفت اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوئے ہیں، جس کی ذمہ داری متعلقہ افسران، بالخصوص آئی ٹی ٹیم اور متعلقہ عملے پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے چیئرمین کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس سنگین غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر تین روز میں تسلی بخش جواب موصول نہ ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر تعلیمی بورڈز سندھ نے کہا کہ میڈیا رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چند کالی بھیڑیں بورڈ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کارڈز کی عدم بروقت اپ لوڈنگ اور امتحانی مراکز کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں پر بھی وضاحت طلب کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کوتاہیوں کا ازالہ کیا جائے اور مستقبل کے لیے جامع پلان پیش کیا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی سال متاثر نہ ہو، تعلیمی نظام میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔