آن لائن جوا نیٹ ورک کے 2کارندے کراچی سے گرفتار
عمران علی، اجیت کمار کاجیکب آباد سے تعلق، سائبر کرائم ایجنسی نے کارروائی کیڈیفنس میں آن لائن جوا، کیسینو کا دھندا، واٹس ایپ سے شہریوں کو راغب کرتے
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے آن لائن جوا اور غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورک کے 2 کارندے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، اطلاعات کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ڈی ایچ اے فیز 6 کے علاقے بخاری کمرشل میں ایک فلیٹ پر چھاپہ مارکر جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان عمران علی اور اجیت کمار کو حراست میں لیا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمانBet Pro نامی آن لائن بیٹنگ ایپلی کیشن اور ویب سائٹ کے ذریعے جوا اور کیسینو جیسی غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہے تھے ، ملزمان واٹس ایپ کے ذریعے شہریوں کو اس دھندے کی طرف راغب کرتے اور سٹہ بازی کے لیے مختلف اکاؤنٹس آپریٹ کرتے تھے ، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز سمیت مختلف بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات برآمد کر لی گئی ہیں جن کے ذریعے رقوم کی ترسیل کی جاتی تھی، ذرائع کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے دیگر ساتھیوں سہیل اور فضل اللہ کے نام بھی بتائے ہیں۔ دوسری جانب جیکب آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ملزم الھڈنو جکھرانی کو بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول سمیت گرفتار کرلیا ہے ، ملزم پر 10 لاکھ انعام تھا۔ جیکب آباد، شکارپور، کراچی ودیگر علاقوں میں درج 13 مقدمات میں مطلوب تھا۔