نوابشاہ:لاک اپ میں ملزم کی ہلاکت، عدالتی ومحکمانہ کارروائی شروع
تحقیقاتی ٹیم کاجائے وقوعہ کا دورہ ، میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹروں سے ملاقات، معلومات لیںواقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ، باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ، ایس ایس پی
نوابشاہ (بیورو رپورٹ)تھانہ بی سیکشن کے لاک اپ میں مقدمہ نمبر 95/2026 کے تحت گرفتار ملزم ارشد بھٹی کی مبینہ خودکشی کے واقعے پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ایس ایس پی نوابشاہ سمیر نور چنہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضابطہ فوجداری کے تحت متعلقہ مجسٹریٹ کو جوڈیشل انکوائری کے لیے باقاعدہ خط لکھ دیا، جس پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ڈی آئی جی پی شہید بینظیر آباد رینج، فیصل بشیر میمن نے واقعے کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے سربراہ ایس ایس پی نوشہرو فیروز میر روحل کھوسو مقرر کیے گئے ہیں۔ انکوائری کمیٹی کے سربراہ ایس ایس پی میر روحل کھوسو نے جائے وقوعہ تھانہ بی سیکشن کا دورہ کیا اور میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی، اور تفصیلات لیں۔ میر روحل کھوسو کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ اور باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائیگی اور جلد ہی حتمی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کر دی جائیگی۔ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی شہید بینظیر آباد نے واضح کیا ہے کہ قانون کی بالادستی اور شفافیت اولین ترجیح ہے ۔ اگر کسی بھی سطح پر پولیس اہلکاروں کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت ترین قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مقتول ارشد بھٹی کے ورثاء کا لاش سمیت دس گھنٹے سے پریس کلب پر دھرنا جاری ہے۔