نوابشاہ میں کھلے مین ہول سے پیش آنیوالے واقعات کا نوٹس
ڈپٹی کمشنر کی متعلقہ اداروں کوفوری اقدامات، کھلے مین ہول ڈھانپنے کی ہدایتکسی صورت لکڑی کے تختے یا عارضی انتظامات قبول نہیں ہوں گے ، عبدالصمد
نوابشاہ (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے ضلع بھر میں کھلے مین ہولز سے پیش آنیوالے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔جاری احکامات کے مطابق تمام ٹاؤن میونسپل کمیٹیز، ٹاؤن اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی حدود میں موجود نکاسی لائنوں، گٹروں اور مین ہولز کا فوری سروے کریں اور کسی بھی کھلے یا خراب مین ہول کو فوری طور پر ڈھانپیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت لکڑی کے تختے یا عارضی انتظامات قابل قبول نہیں ہوں گے ، صرف معیاری آر سی سی (Reinforced Cement Concrete) کورز استعمال کیے جائیں۔ خراب یا غائب ڈھکنوں کو فوری تبدیل کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہر علاقے میں ذمہ داری واضح طور پر افسران کے سپرد کی جائے اور اگر کسی جگہ مین ہول کھلا پایا گیا تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے ۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں اور ماضی میں ایسے واقعات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنے ہیں، جس کے بعد سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔