ائیر پورٹ خودکش حملہ کیس ،پراسیکیوشن نے گواہ کا نام واپس لے لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے ائیر پورٹ خودکش حملہ کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی جبکہ ملزمان جاوید اور مسمات گل نساء کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران جیل حکام نے ملزمان کو پیش کیا جبکہ پراسیکیوشن نے اپنے گواہ ہیڈ کانسٹیبل ذوالفقار کا نام واپس لیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں کرانا چاہتے ۔ دوران سماعت دھماکے میں تباہ ہونے والی گاڑیوں کی حوالگی کی درخواست پر کارروائی نہ ہوسکی کیونکہ گاڑی کی واپسی کی درخواست دائر کرنے والے شوروم مالک کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ پراسکیوشن کے مطابق ملزم جاوید اور مسمات گل نساء پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے ۔