سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں اسمارٹ کلاس روم کا افتتاح
چیئرمین ایچ ای سی نے افتتاح کیا،ڈاکٹر مجیب صحرائی کی خدمات کی ستائشصوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز کے مسائل جلد حل ہو جائیں گے ،ڈاکٹرنیازاحمد
کراچی(اے پی پی)ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ ایچ ای سی پاکستان اور صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز (ایچ ای سیز) کے درمیان موجود تمام مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے ۔ اس حوالے سے سندھ میں صوبائی ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں سندھ کی جامعات سے ممبران شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سندھ ایچ ای سی اور ایچ ای سی پاکستان کے درمیان موجود مسائل کی نشاندہی کرے گی اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔ انہوں نے یہ بات سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں یونیورسٹی میں اسمارٹ کلاس روم کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔جامعات کے نصاب پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ ایچ ای سی پاکستان کا مرتب کردہ نصاب صرف ایک گائیڈ لائن ہے ، جب کہ جامعات کے اساتذہ کو اس پر کام کر کے اسے حتمی شکل دینا چاہیے ۔انہوں نے ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کی ادارے کیلئے انجام دی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایس ایم آئی یو کی بہتری اورمعیاری تعلیم کے لیے جو کاوششیں کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ایچ ای سی پاکستان کے چیئرمین کا ایس ایم آئی یو کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب میں مہران یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف احمد شیخ، ریجنل سینٹر ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان احمد، نیاز احمد خاصخیلی، ایس ایم آئی یو کے ڈینز، مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز، فیکلٹی، اور افسران نے شرکت کی۔