گیارہویں کے آزمائشی امتحانات، ڈیجیٹل اٹینڈنس کا تجربہ

 گیارہویں کے آزمائشی امتحانات، ڈیجیٹل اٹینڈنس کا تجربہ

پرچوں کی ترسیل ، حاضری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ اورکاغذی کام کا خاتمہ ہوگاٹیکنالوجی سے شفافیت آئیگی،چیئرمین بورڈ کا امتحانی مراکز کے دورے پر گفتگو

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹر بورڈ کراچی کی جانب سے گیارہویں جماعت کے آزمائشی امتحانات کا آغاز ہوگیا ۔ پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے دو روزہ آزمائشی امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، اس سال امتحانی عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے ۔یہ آزمائشی امتحانات انٹر بورڈ کراچی، سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن (سپلا)اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔امتحانات بیک وقت 5مراکز پر ہو رہے ہیں ۔پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کیا گیا جس کی نمایاں خصوصیات میں پرچوں کی ترسیل، عملے کی پوزیشن اور طلبہ کی حاضری رئیل ٹائم میں آن لائن لی جا رہی ہے جبکہ طالب علم کو دی گئی جوابی کاپی کی تفصیلات حاضری کے ساتھ منسلک کر کے ایک ہی کلک پر سسٹم میں اپ لوڈ کر دی جاتی ہیں۔اس سسٹم سے غیر ضروری کاغذی کام ختم ہو جائے گا اور وقت کی بڑی بچت ہوگی۔ چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو، صدر سپلا پروفیسر منور عباس اور چیئرمین پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن حیدر علی نے مرکزی مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں