رحمان آباد پارک اراضی پر آپریشن روکنے کا حکم

رحمان آباد پارک اراضی پر آپریشن روکنے کا حکم

مکینوں کے قانونی حقوق کو مناسب زیر غور نہیں لایا گیا، وکیل درخواست فریقین کو نوٹس ، جواب طلب،آئندہ سماعت پر تفصیل سے جائزہ لیا جائیگا،عدالت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے فیڈرل بی ایریا رحمان آباد میں پارک کی اراضی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے احکامات کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آپریشن کے احکامات جاری کرتے ہوئے مکینوں کے قانونی حقوق کو مناسب طور پر زیر غور نہیں لایا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 1993 میں حکام نے اراضی کو تقسیم کرکے ایک حصے کو رفاہی جبکہ دوسرے حصے کو رہائشی استعمال کیلئے تبدیل کیا تھا۔ رہائشی اراضی کی سندھ کچی آبادی اتھارٹی کے ذریعے لیز جاری کی گئی جبکہ متعلقہ حکام عدالت کے روبرو ترمیم شدہ ماسٹر پلان پیش کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث اہم شواہد نظر انداز ہوئے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کی فریق بننے کی درخواست پہلے ہی مسترد ہوچکی ہے اور اٹھائے گئے نکات نظر ثانی کے بجائے اپیل کے زمرے میں آتے ہیں تاہم فریقین کے حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت نے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک حکام صرف قانونی کارروائی تک محدود رہیں اور زمین پر مبینہ قابضین کے خلاف سخت کارروائی نہ کی جائے ۔ آئندہ سماعت پر عوامی مفاد اور ممکنہ بے دخلی کے پہلو کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں