اورنگی ٹاؤن میں پانی کا بحران،واٹرکارپوریشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری

اورنگی ٹاؤن میں پانی کا بحران،واٹرکارپوریشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے اورنگی ٹاؤن میں پانی کے شدید بحران کے خلاف بلدیاتی نمائندوں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

 درخواست جماعت اسلامی کے یوسی 6 چیئرمین حاشر عمر اور زاہد اقبال کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اورنگی ٹاؤن میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث ہزاروں شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ وکیل درخواست گزار عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی کی لائنیں مخدوش ہوچکی ہیں اور 30 سے 45 دن بعد پانی آتا ہے جو شہریوں کے لیے ناکافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آدھی سے زائد آبادی پانی کو ترس رہی ہے جبکہ ٹینکر بھی دستیاب نہیں جس کے باعث عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق متوسط طبقہ مہنگے ٹینکرز خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا جبکہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری مجبورا مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ وکیل عثمان فاروق نے مزید موقف اختیار کیا کہ غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور ناجائز کنکشنز بھی پانی کے بحران کی بڑی وجوہات ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں