ڈکیتی اور اغوا کے مقدمے میں وکیل سمیت 7ملزمان کی حفاظتی ضمانت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کشمور میں وکیل اور دیگر کے خلاف ڈکیتی اور اغوا کے مقدمے میں وکیل سمیت 7 ملزمان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزمان کو 20،20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے اور دو ہفتوں کے اندر متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف کشمور کے علاقے میں ڈکیتی و اغوا سمیت متعدد الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم یہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے ۔ حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن انہیں گرفتاری کا اندیشہ ہے ۔ وکیل صفائی کے مطابق مدعی ایک بااثر شخصیت ہے اور فریقین کے درمیان پرانی دشمنی بھی موجود ہے ۔ سماعت کے دوران جسٹس میراں محمد شاہ نے ریمارکس دیے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق فریقین کے درمیان پرانی مقدمہ بازی موجود ہے ۔ عدالت نے ملزمان ظفر ملک ایڈووکیٹ، عبدالحفیظ، فہیم ملک، عبدالقدیر، زاہد حسین، عبدالجبار اور ایاز احمد کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں مقررہ مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔