ٹاؤنز میں اربوں کی کرپشن ، نیب نے کارروائی کا آغاز کردیا
2020تا 2025 منصوبوں کا ریکارڈ کھول دیا، دستاویزات حاصل
کراچی (این این آئی)شہر قائد کے مختلف ٹاؤنز میں مبینہ اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے الزامات کے بعد نیب نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس پیشرفت کے بعد بلدیاتی اداروں میں بے چینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ایک خصوصی انکوائری کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے 2020 سے 2025 کے دوران مختلف ٹاؤنز میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں تفتیشی ٹیموں نے اہم دستاویزات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق سڑکوں کی تعمیر، سیوریج نظام کی بہتری، پارکس کی تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ طور پر سنگین بے ضابطگیوں اور فنڈز کے غلط استعمال کے شواہد سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ بعض منصوبے کاغذی کارروائی میں مکمل ظاہر کیے گئے جبکہ زمینی صورتحال اس کے برعکس بتائی جاتی ہے ۔نیب حکام کے مطابق جاری انکوائری کو محض ابتدائی مرحلے تک محدود رکھنے کے بجائے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر آئندہ مرحلے میں گرفتاریوں اور ریفرنسز دائر کیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں متعدد افراد کی پروفائلنگ مکمل کر لی گئی جبکہ کئی افراد کو طلبی کے نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ۔