زائد کرایہ وصول کرنے والی بسوں اور اسپیشل کوچز کے خلاف کریک ڈاؤن
بس آپریٹرز پر 6 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ ، مسافروں کو 9 ہزار 800 روپے واپس دلایا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی انتظامیہ نے مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والی بسوں منی بسوں اور اسپیشل کوچز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے منگل کو ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر زائد کرایہ لینے کے مرتکب بس آپریٹرز کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 52 بسوں میں کرائے چیک کئے گیے جن مسافروں سے زائد کرایہ لیا گیا انہیں ان کا زائد کرایہ واپس دلایا گیا۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نذر شاہانی نے کمشنر کراچی کو کارروائی کی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں بتایا گیاہے کہ ر یجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی( آر ٹی اے) نے مجموعی طور پر مسافروں کو 9 ہزار 800 روپے واپس دلایا گیا جبکہ کرایہ کی خلاف ورزی کے مرتکب بس آپریٹرز پر 6 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کارروائی گودام چورنگی قیوم آباد کینٹ اسٹیشن قائد آباد لیاقت آباد نمبر 10 اور نیو ٹاون میں کی گئی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ نے زائد کرایہ لینے والی بسوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی نگرانی کی۔