ایف پی سی سی آئی کافوری اور مؤثر معاشی اصلاحات کامطالبہ
موجودہ معاشی صورتحال پراظہار تشویش، آئی پی پیز معاہدوں پرنظر ثانی ناگزیرکیپیسٹی پیمنٹس ادائیگیاں خزانے ، صارفین کی جیبوں پربوجھ، بلال وقار ودیگر
سکھر(بیورو رپورٹ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر و سندھ ریجنل چیئرمین بلال وقار خان، سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد خالد کاکیزئی، سینئر نائب صدر امیت کمار اور نائب صدر ملک محمد اویس رئیس نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ سے فوری اور مؤثر معاشی اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں پر فوری نظرِ ثانی ناگزیر ہو چکی، کیونکہ کیپیسٹی پیمنٹس کی مد میں بھاری ادائیگیاں خزانے اور صارفین کی جیبوں پر بوجھ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر پیداواری سبسڈیز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں میں جامع اور دیرپا اصلاحات متعارف کرائی جائیں تاکہ ان اداروں کو قومی معیشت پر بوجھ بننے سے روکا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ضروری سرکاری اخراجات، شاہانہ پروٹوکول اور انتظامی فضول خرچی میں نمایاں کمی لا کر قومی وسائل کو بچایا جا سکتا ہے ، جنہیں صنعت، تجارت اور زراعت جیسے پیداواری شعبوں میں منتقل کیا جانا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی بلند قیمتیں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، لہٰذا صنعت، تجارت اور زراعت کیلئے سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے جامع اور قابلِ عمل پالیسی تشکیل دی جائے۔