سندھ میں کرپشن، 72محکموں کی فائلیں تیار، راشد سومرو
تعلیمی بورڈز میں 100ارب کی کرپشن، 25،25 کروڑ وزیر، سیکریٹری کوملےوفاق، صوبوں میں حکمراں جعلی راستے سے آئے ، مینڈیٹ نہیں، پریس کانفرنس
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ، 72 محکموں کی کرپشن کی فائلیں تیار ہو چکی ہیں، میرپورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں بیٹھے حکمران جعلی راستے سے آئے ہیں ان کے پاس کوئی عوامی مینڈیٹ نہیں اور ہم پہلے دن سے ان اسمبلیوں کو تسلیم نہیں کرتے ، انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں امن کے حامی ہیں پاکستان کے حکمرانوں سے اختلافات کے باوجود عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کے کردار کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں کیونکہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں، راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ مسائلستان بن چکا ہے یہاں بے شمار مسائل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تعلیمی بورڈز کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ 100 ارب روپے کے عوض نتائج تبدیل کیے گئے اور 25، 25 کروڑ روپے متعلقہ وزیر اور سیکریٹری کو دیے گئے ان کے مطابق یہ ایک سازش ہے تاکہ تعلیمی بورڈز پر عوام کا اعتماد ختم کر کے نجی تعلیمی بورڈ متعارف کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری میں ہر سال 70 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے اور اب مل مالکان کے ساتھ مل کر کرپشن کی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات اور دیگر معاملات سمیت 72 محکموں کی کرپشن کی فائلیں تیار ہیں، قبائلی تنازعات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امن جرگوں کے نام پر ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔