الیکٹرانک ڈیلرز کا لاک ڈاؤن مکمل ختم کرنے کا مطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)شہر قائد میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی لہر نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر دیا جبکہ توانائی بچاؤ کیلئے نافذ کردہ محدود کاروباری اوقات نے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔
صدر الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ یا تو لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کیا جائے یا اس کے دورانیے میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث دن کے اوقات میں مارکیٹوں میں خریداروں کی آمد نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہے اور لین دین کا اصل آغاز شام 4 بجے کے بعد ہوتا ہے ،ایسے میں کاروباری اوقات کی پابندی تاجروں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور یومیہ کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے ۔رضوان عرفان کے مطابق پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ بھی کاروباری لاگت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جبکہ بجلی کی بندش کے باعث تاجروں کو اضافی اخراجات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔