حب ندی میں نہاتے ہوئے 3نوجوان جاں بحق

حب ندی میں نہاتے ہوئے 3نوجوان جاں بحق

نوجوان اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے ،کیماڑی میں سمندر میں لڑکا ڈوب گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیماڑی، منوڑہ اور حب سمیت مختلف مقامات پر ڈوبنے کے افسوسناک واقعات میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تفصیلات کے مطابق حب ندی میں نہاتے ہوئے تین افراد ڈوب گئے ریسکیو حکام کے مطابق حب ندی میں ڈوبنے والے کراچی کے تینوں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت 18 سالہ ادیب، 20 سالہ حذیفہ اور 21 سالہ حارث کے نام سے ہوئی ہے ، جو اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے ۔ تینوں لاشیں قانونی کارروائی کے لیے حب سول اسپتال منتقل کرنے کے بعد ایدھی ہوم سہراب گوٹھ کے سرد خانے منتقل کر دی گئیں۔دوسری جانب کیماڑی کے علاقے گھاس بندر کے قریب سمندر میں ڈوب کر ایک کم عمر لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ایدھی بحری خدمات نے لاش کو سمندر سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 15 سال ہے ، تاہم فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ادھر ابراہیم حیدری کنڈری کے قریب ریڑھی گوٹھ کے علاقے میں سمندر میں ایک لانچ الٹ گئی، جس میں 19 ماہی گیر سوار تھے ۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 18 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ ایک ماہی گیر تاحال لاپتہ ہے ، جس کی تلاش جاری ہے ۔ایک اور واقعے میں منوڑہ قبرستان کے عقب سے سمندر سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی، جس کی شناخت 25 سالہ عامر کے نام سے ہوئی ہے ۔ متوفی نوجوان لیاری آگراتاج کالونی کا رہائشی تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں