تیزاب گردی کے شکار زخمی نوجوان نے ویڈیو بیان ریکارڈ کرا دیا
کراچی(این این آئی) کورنگی روڈ پر موبائل سمز بیچنے والے نوجوان پر تیزاب گردی کے واقعہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، زخمی نوجوان نے ویڈیو ریکارڈ کروا دیا۔
زخمی نوجوان ذاکرعلی نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ گزشتہ رات 9بجے موٹر سائیکل سوار دو افراد میرے پاس آئے ، میں اس وقت ایک کسٹمر کو ڈیل کرنے میں مصروف تھا۔متاثرہ نوجوان نے کہا کہ ایک نامعلوم شخص نے مجھ سے سم بند کرنے کا پوچھا تو میں نے منع کردیا، میں نے بتایا کہ سم بند نہیں کرتا، صرف فروخت کرنے کا کام کرتا ہوں۔،ذاکر علی نے بتایا کہ پھر میں اپنے کام میں مصروف ہوگیا، اچانک وہ شخص تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، تیزاب پھینکے جانے سے میرا چہرہ اور گردن جھلس گئی ہیں۔اس حوالے سے پولیس حکام نے کہا کہ تیزاب گردی سے جھلس کر زخمی ہونے والے نوجوان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ، واقعے کی تفتیش جاری ہے اس سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔