عدالتی آرڈر کے باعث کام نہیں رکے گا، شرجیل میمن
ضرورت پڑی تو توہینِ عدالت کے کیس کا بھی سامنا کریں گے ، سینئر وزیرہم نے تمام قوانین کی مکمل پاسداری کی ،ریڈلائن کے دورے پرگفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنا، کنسلٹنٹس اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ میری یا کسی کی ذاتی خواہش پر فیصلے نہیں ہوتے ، ہم نے تمام قوانین کی مکمل پاسداری کی ہے اور حکومت کی طرف سے نہ کوئی کوتاہی ہوئی اور نہ ہی کوئی بدنیتی تھی،ہمارا مقصد کسی بھی کنٹریکٹر کے ساتھ زیادتی کرنا نہیں تھا، تمام فیصلے قانون اور عوامی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ، امید ہے کہ عدالتیں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کریں گی، ہم نے تمام قانونی اور اخلاقی تقاضے پورے کیے ہیں، عدالت کا فیصلہ سر آنکھوں پر، تاہم عدالتی آرڈر کے باعث ترقیاتی کام نہیں رکے گا، ضرورت پڑی تو توہینِ عدالت کے کیس کا بھی سامنا کریں گے ، لیکن عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبے ہرگز نہیں رکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جولائی کے آخر تک کچھ حد تک ٹریفک بحال کر دی جائے ۔بڑی چیز حاصل کرنے کیلئے کڑوے گھونٹ پینا پڑتے ہیں، کچھ سیاسی جماعتیں اس پراجیکٹ پر سیاست کر رہی ہیں، لیکن ہمارا کام اس منصوبے کو ہر صورت مکمل کرنا ہے۔